مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق خالد مشعل نے ان خیالات کا اظہار مغربی کنارے میں حماس کی حمایت یافتہ طلباء تنظیم اسلامک بلاک کی طلباء یونین میں نمایاں کامیابی کے بعد جشن کی ایک تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ رام اللہ میں جامعہ بیرزیت میں میں طلباء یونین کے انتخابات میں اسلامک بلاک کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے۔ یہ کامیابی ان عناصر کے لیے نوشتہ دیوار ہے جو حماس اور اس کی حامی قوتوں کو دیوار سے لگانے کی سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسلامک بلاک پر زور دیا کہ وہ انتخابات میں کامیابی کے بعد اب بلا تفریق تمام طلباء کی خدمت کے لیے کام کرے۔
خالد مشعل کا کہنا تھا کہ طلباء یونین کے انتخابات میں فتح صرف حماس کی نہیں بلکہ پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ جب ہم فلسطین میں سیاسی نظام کی بنیاد رکھ رہے ہیں توہمیں فلسطینی اتھارٹی، تنظیم آزادی فلسطین، یونین کونسلوں، جامعات اور طلباء تنظیموں کے انتخابات میں بھی حصہ لینا ہوگا۔ آزادی اورقومی پروگرام کے لیے انتخابات نقطہ آغاز ہیں۔
انتخابات اور مزاحمت کو ایک ساتھ جاری رکھتے ہوئے ہم صہیونی جابر ریاست سے آزادی حاصل کرنے کے ساتھ بیت المقدس کو بھی آزاد کرا سکتے ہیں۔ یہودی آباد کاری پر پابندی ، مسجد اقصیٰ اور کنیسہ القیامیہ کو بھی آزادی دلانے میں کامیاب ہوں گے۔
حماس رہ نما نے فلسطین کی تمام نمائندہ قوتوں پراپنی صفوں میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ اتحاد کے بغیر ہم ایک مکمل خود مختار فلسطینی ریاست قائم نہیں کرسکتے ہیں۔
خیال رہے کہ منگل کے روز جامعہ بیرزیت میں طلباء یونین کے انتخابات میں حماس کےحمایت یافتہ گروپ اسلامک بلاک نے کل 51 میں سے 26 نشستوں پر کامیابی حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی تھی۔ فتح کے یوتھ ونگ نے 19 نشستیں حاصل کی ہیں۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین