اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ نے بحر متوسط میں موجود اسرائیل کے ایک گیس پلانٹ پر راکٹ حملے کیے ہیں جس کے نتیجے میں پلانٹ کو نقصان پہنچا ہے۔ فلسطینی مزاحمت کاروں نے اسرائیلی گیس پلانٹ پر اپنی نوعیت کا یہ پہلا حملہ کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مجاھدین نے بدھ کو غزہ کی پٹی سے سمندر میں 26 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گیس پلانٹ پر راکٹ داغے، جس کے نتیجے میں پلانٹ کو نقصان پہنچا ہے۔
گذشتہ روز غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کے جواب میں مجاھدین نے اسدود شہر میں قائم سدیروت کالونی پر”القسام” طرز کے کئی راکٹ فائر کیے جبکہ شمالی غزہ میں ایریز گذرگاہ کے قریب صہیونی فوجی تنصیبات پر "ہاون” راکٹوں سے حملے کیے گئے ہیں۔
