اسرائیلی جیل عوفر میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کے اسیر کمانڈر کے باسٹھ دن سے جاری بھوک ہڑتال کے دوران اس کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے حماس کے عسکری بازو القسام بریگیڈ کے ایک اسیر رکن نے بھی غیرمعینہ مدت تک کے لیے بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے اسیر رہ نما حسن سلامہ جو کہ عسلان جیل میں گذشہ گیارہ سال سے پابند سلاسل ہیں نے اپنے ایک مکتوب میں بتایا ہے کہ اس نے عوفر جیل میں اسلامی جہاد کے رہ نما خضر عدنان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے جمعرات سے بھوک ہڑتال شروع کر دی ہے۔
تحریری مراسلے میں القسام بریگیڈ کے اسیر کمانڈر کا کہنا ہے کہ اسرائیلی جیلوں میں تمام اسیروں کے ساتھ یکساں ظالمانہ سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ جو سلوک اسلامی جہاد کے رہنما شیخ عدنان کے ساتھ کیا گیا وہی سلوک دیگر ہزاروں اسیران کے ساتھ روا رکھا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ ان دنوں اسرائیلی جیل عوفر میں زیرحراست فلسطینی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کا اسیر کمانڈر دو ماہ کی طویل بھوک ہڑتال کے باعث میڈیا کی توجہ کا مرکز ہے۔ شیخ عدنان گذشتہ دو ماہ سے اسرائیلی مظالم کے خلاف بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیمیں بھی ان کی رہائی اور بھوک ہڑتال ختم کرانے کا مطالبہ کر چکی ہیں لیکن اسرائیل شیخ عدنان کے معاملے میں مسلسل ڈھٹائی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین