اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ نے اسرائیل کی جانب سے غزہ کے علاقے بیت حانون اور بیت لاھیا پر بمباری اور بری فوجی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ اسرائیلی فوج کی اس بمباری میں دو مجاہد شہید جبکہ پانچ افراد زخمی ہوگئے تھے۔
القسام بریگیڈ کی جانب سے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کو موصول ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ دشمن ہماری قدم نہیں اکھاڑ سکتا، اسے اس کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائیگا، اللہ کے فضل سے عنقریب اسرائیل کو اس کارروائی کی قیمت چکانا پڑیگی۔
بریگیڈ نے اپنے مذمتی بیان میں مزید کہا کہ اسرائیل نے فلسطینی اراضی اور قوم کے خلاف اپنے بھیانک جرائم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ مسلسل فلسطینیوں کا خون بہا رہا ہے۔ حالیہ صہیونی حملوں کا مقصد داخلی بحران کی جانب سے اپنی عوام کی نظریں اٹھانا ہے۔ صہیونی فوج پاگل پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین کے ہر درخت اور پتھر کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے پیر کے روز غزہ کی پٹی کے شمالی علاقے بیت حانون میں القسام بریگیڈ کے ایک ٹھکانے کو ہدف بنایا تھا۔ صہیونی فضائیہ خوفناک بمباری اور بری فوج کی گولہ باری میں القسام بریگیڈ کے کمانڈر عبد الرحمان ابو جلالہ اور ناصر صلاح الدین بریگیڈ کے ایک مجاہد یاسر الترابین شہید ہوگئے تھے۔ اس کارروائی میں دیگر پانچ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین