مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق خالد مشعل اور رمضان الشلح نے شہید کے اہل خانہ سے الگ الگ ٹیلیفون پربات کی اور ان سے تعزیت کی۔ خالد مشعل نے بات کرتے ہوئے کہاکہ ابو ماریا سمیت تمام نہتے اور بے گناہ فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور صہیونی دشمن کو فلسطینیوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب دینا ہوگا۔
شہید کے بھائی سے بات کرتے ہوئے خالد مشعل نے کہا کہ ابو ماریا کو گھر میں گھس کر بغیر کسی وجہ کے قتل کرنا صہیونی فوج کی کھلی درندگی ہے۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابو ماریا بے قصور تھے اور ان کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔
درایں اثناء اسلامی جہاد کےسیکرٹری جنرل رمضان الشلح نے بھی شہید ابو ماریا کے اہل خانہ سے ٹیلیفون پربات چیت کرتے ہوئے صہیونی فوج کی وحشیانہ کارروائی کی شدید مذمت کی۔ ان کاکہنا تھا کہ ابو ماریا کا قتل اسرائیلی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔بے گناہ فلسطینیوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ انہوں نے شہید کے اہل خانہ کو صبرکی تلقین کی اور کہا کہ ہماری قوم اس دکھ میں شہید کے اہل خانہ کے ساتھ ہے۔
خیال رہے کہ جمعرات کے روز مقبوضہ مغربی کنارے کے الخلیل شہر میں بیت امرکے مقام پر اسرائیلی فوجیوں نے ایک گھرمیں گھس کر 53 سالہ فلاح ابو ماریا نامی ایک فلسطینی کو گولیاں مار کرشہید کردیا تھا۔ واقعے کی فلسطین بھرمیں شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صہیونی ریاست کابدترین ظلم قرار دیا گیا ہے۔ صہیونی فوج نے کارروائی میں شہید ابو ماریا کے دو بیٹوں کو بھی گولیاں ماریں جس کے بعد ایک زخمی بیٹے کو حراست میں بھی لے لیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
