(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ)غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی محصور شہر غزہ پر دہشتگردی تاحال جاری ہے، جس کے نتیجے میں جہاں ہزاروں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں ان میں حماس کے سیاسی بیورو کے رہنما صلاح البردویل اور ان کی اہلیہ بھی شامل ہیں۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق، غاصب صیہونی افواج کا غزہ کے مختلف حصوں میں شدید بمباری کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث گذشتہ روز34 فلسطینی شہید ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، صیہونی حملے میں صلاح البردویل اور ان کی اہلیہ کو خان یونس کے مغرب میں المواسی کے علاقے میں اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے خیمے میں تھے۔
فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نے غاصب صیہونی دشمن کے ہاتھوں صلاح البردویل کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ "شہید ڈاکٹر صلاح البردویل سیاسی، میڈیا اور قومی سرگرمیوں کا ستون تھے، جنہوں نے اپنی ساری زندگی ایمانداری، استقامت اور قربانی کی علامت کے طور پر گزاری۔ وہ ہمیشہ اپنے فرض کو ترجیح دیتے ہوئے مزاحمت کی راہ پر ثابت قدم رہے۔”
حماس نے اس عزم کا اظہار کیا کہ "اس مجرمانہ دشمن کا حملہ ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکے گا۔ ہر شہید کا خون ہمارے ارادوں کو مزید پختہ کرتا ہے، اور مزاحمت کا شعلہ مزید شدت سے بھڑک اٹھتا ہے جب تک کہ فلسطین کی آزادی حاصل نہ ہو جائے مزاحمت کمزور ہونے کے بجائے مذید مضبوط ہورہی ہے۔”