(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے عالمی یومِ مزدور کے موقع پر دنیا بھر کی انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی مزدوروں کے خلاف جاری غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کو بے نقاب کریں اور اس پر دباؤ ڈالیں کہ وہ غزہ، مغربی کنارے اور دیگر مقبوضہ علاقوں سے محاصرہ فوری طور پر ختم کرے۔
حماس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی محنت کش، ایک طرف روزگار سے محروم ہیں تو دوسری جانب صیہونی جبر، ظلم، نسلی امتیاز اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ آزادی کی تحریک کے ہراول دستے کے طور پر وہ ہر قسم کے ظلم کے باوجود ثابت قدم ہیں۔
بیان میں فلسطینی مزدوروں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ وہ دہائیوں سے جاری صیہونی قبضے اور 18 ماہ سے زیادہ عرصے سے بڑھتی جارحیت کے خلاف سینہ سپر ہیں۔ حماس نے واضح کیا کہ جب تک غیر قانونی صیہونی قبضہ ختم نہیں ہوتا، فلسطینی عوام اپنی آزادی، خود ارادیت اور حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
حماس نے عالمی برادری کو یاد دلایا کہ فلسطینی مزدوروں کے خلاف مظالم بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، اور ان جرائم کا مقصد فلسطینی معاشرے کے ہر شعبے کو مفلوج کرنا ہے۔ اس لیے فوری عملی اقدامات وقت کی اہم ترین ضرورت ہیں۔