(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) تحریک حماس اور اسلامی جہاد تنظیم کی جانب سے فدائی حملے پرفلسطینیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے قابض صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف فلسطینیوں کا فطری رد عمل قرار دیا۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین میں مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں فلسطینیوں کے ایک فدائی حملے کے نتیجے میں تین یہودی آبادکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع پر مقبوضہ فلسطین میںصیہونی ریاستی دہشتگردی اور بدترین مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس اور اسلامی جہاد تنظیم کی جانب سے فدائی حملے پرفلسطینیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے قابض صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف فلسطینیوں کا فطری رد عمل قرار دیا۔
دونوں جماعتوں کی جانب سے نابلس میں فدائی حملے کی تحسین کرتے ہوئے حملے کی حمایت کی گئی ہے۔
اس حوالے سے تحریک حماس کا کہنا تھا کہ زعترہ چوکی پر فدائی حملہ ایک جرات مندانہ اقدام ہونے کے ساتھ ساتھ القدس میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کا جواب ہے۔
واضح رہے کہ نابلس میں ایک روز قبل فلسطینیوں کی جانب سےفائرنگ میں 3 صہیونی آباد کاروں کو شدید نقصان پہنچا تھا اور عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ اس کار سے کی گئی جوصہیونی فوجی چوکی سے گزر رہی تھی، واقعے کے بعد صہیونی فوج نے علاقے کو گھیرے میں لے کر وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کیا تاہم حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔