فلسطین کی منظم مذہبی سیاسی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت”حماس” کے عسکری بازو صلاح الدین القسام بریگیڈ نے کہا ہے کہ غزہ کی پٹی اسرائیل کے حملے دہشت گردی کی بدترین مثال اورصہیونیوں پر لعنت ہیں۔
دہشت گردی کے نتیجے میں شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ صہیونی دشمنوں نے غزہ کی پٹی پر جو جنگ مسلط کی ہے وہ اب ان کے گلے کی ہڈی ثابت ہو گی۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق القسام بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں غزہ کی پٹی پر جمعہ کی شام سے جاری اسرائیل حملوں کی شدید مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں اسرائیلی حملے میں فلسطینی عوامی مزاحمتی کمیٹیز کے سیکرٹری جنرل شیخ زہیر القیسی اور اس کے ساتھیوں کی شہادت کی تمام تر ذمہ داری ٓصہیونی حکومت پرعائد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ اسرائیل کو بے گناہ فلسطینیوں کا خون مہنگا پڑے گا۔ بیان میں شیخ القیسی اور دیگر شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد کہا گیا ہے کہ مجاہدین کے شہادتوں کا بدلہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب حماس کے ترجمان ڈاکٹر فوزی برھوم نے بھی اسرائیل فوج کی بمباری میں فلسطینی مزاحمتی لیڈر شیخ القیشی کی شہادت کی شدید مذمت کی۔ ایک بیان میں حماس کے ترجمان نے کہا کہ اسرائیل نے شیخ القیسی کو شہید کر کے ثابت کر دیا ہے کہ صہیونی امن کے بدترین دشمن ہیں۔ فوزی برھوم کا کہنا تھا کہ فلسطینی مزاحمت کاروں پر اسرائیلی فوج کے حملے بد ترین ریاستی دہشت گردی ہیں۔ شیخ القیسی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور اس کےسنگین نتائج کی تمام تر ذمہ داری صہیونی ریاست پرعائد ہو گی۔