(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) دشمن جان لے کہ قیدیوں کی خاطر قربانیاں دینے کو تیار ہیں اور فلسطینی عوام اپنے قیدیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز جمعہ کی نماز کے بعد قابض ریاست اسرائیل میں صہیونیوں کے خلاف بر سر پیکار اسلامی تحریک مزاحمت حماس، اسلامی جہاد اور دیگر فلسطینی دھڑوں کی جانب سے دی گئی یوم غضب کی کال پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ جب تک اسرائیلی جیلوں میں موجود تمام فلسطینی قیدی آزاد نہیں ہو جاتےہم آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔
حماس کے سربراہ نےکہا کہ ہم قیدیوں کا دفاع کریں گے چاہے کوئی قیمت کیوں نہ ہو، انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اسپیشل یونٹس اور جیل انتظامیہ نے مسلسل چار دن کئی جیلوں پر کریک ڈاؤن کیا اور 400 کے قریب اسلامی جہاد کےکارکنان کو دیگر جیلوں میں منتشر کرنے کی کوشش کی، ساتھ ہی قابض حکام نے ستمبر کے آخر تک جیلوں میں فلسطینی قیدیوں کے اہل خانہ کے دورے بھی منسوخ کردیئے ہیں۔
اسلامی جہاد تحریک نے کہا کہ دشمن جان لے کہ قیدیوں کی خاطر قربانیاں دینے کو تیار ہیں اور فلسطینی عوام اپنے قیدیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور اس نے ہمارے قیدیوں کے خلاف جو دہشت گردی کی ہے وہ اس کا ردعمل ضرور آئے گا۔