(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے شہر نابلس میں مزاحمت کاروں کے ساتھ جھڑپ میں ایک اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہو گیا ہے۔
غاصب صیہونی فوج کے بیان کے مطابق، یہ واقعہ جمعہ کے روز نابلس شہر میں اس وقت پیش آیا جب مسلح فلسطینی مزاحمت کاروں نے صیہونی فوج پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک فوجی شدید زخمی ہو گیا۔ فوجی حکام کا کہنا ہے کہ زخمی فوجی کو فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا، اور اس کے خاندان کو اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا۔
ذرائع کےمطابق غاصب افواج نے آج صبح نابلس کے مشرقی علاقے بلاطہ پناہ گزین کیمپ، شمال مغربی نابلس کے برقہ گاؤں اور جنوب میں قبلان ویتما گاؤں میں چھاپے مارے اس دوران مکینوں کو زدوکوب کیا اور گھروں میں روایتی لوٹ مارکرتے ہوئے متعدد کو گرفتار کرلیا۔
غیر قانونی صیہونی فوج کی جانب سے مغربی کنارے کے مختلف علاقوں میں جرائم اور چھاپوں میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ یہ صورتحال 7 اکتوبر 2023 کو شروع ہونے والے آپریشن "طوفان الاقصی” معرکے کے آغاز کے بعد سے مزید شدت اختیار کر گئی ہے۔