(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غزہ میں تعمیر نو کے امریکی مطالبے پر متحدہ عرب امارات نے حماس کو کسی بھی قسم کے کاموں میں شریک نہ کرنے کی شرط عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات غزہ میں تعمیر نو اس صورت میں شروع کرے گا کہ حماس کا اس میںکوئی کردار نہ ہو۔
مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں صیہونی ریاستی دہشتگردی اور وحشیانہ بمباری کے نتیجےمیں بڑے پیمانےپر ہونےو الی تباہی کی ازسرنو تعمیرات کیلئے متحدہ عرب امارات کو دعوت دی تھی جس پر ابو ظہبی کے حکام نے شرط عائد کر تے ہوئے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات غزہ میں تعمیر نو او ر بحالی کے کاموں میں بھرپور معاونت فراہم کرے گا تاہم پیسوں کی منتقلی اور تعمیر نو کے کسی بھی مرحلے میں حماس کی موجودگی نہیں ہونی چاہئے، تعمیر نو کے تمام کام مصر کی نگرانی میں ہونا چاہئے۔
اس سے قبل امریکا نے بھی غزہ کی تعمیر نو میں حماس کی کسی بھی طرح کی شرکت کو ناقابل قبول قراردیا تھا، امریکا کے وزیر خارجہ انتھونی بلینکن نے منگل کے روز مقبوضہ فلسطین کا دورہ کیا تھا اور اسرائیلی بمباری سے ہونےوالے نقصان کا جائزہ لیاتھا۔
واضح رہے کہ قطر کے وزیر خارجہ محمد بن عبد الرحمن حمد آل ثانی نے بدھ کو سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ دوحہ، غزہ کی تعمیر نو اور اس کی حمایت کے لئے 50 کروڑ ڈالر کی امدادفراہم کرے گا۔