(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسماعیل ھنیہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے وفدنے نو منتخب ایرانی صدر کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں صیہونی ریاستی دہشتگردی کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے جمعہ کے روز جماعت کے اعلیٰ سطح کے وفد کےہمراہ اسلامی جمہوریہ ایران کے نومنتخب صدر ابراہیم رئیسی سے ملاقات کی ۔
اعلیٰ قیادت پر مشتمل وفد د نےایرانی صدر کو فلسطینی عوام کی صورتحال اور تازہ ترین پیشرفتوں کے بارے میں ایرانی صدر کو بریفنگ دی اور خاص طور پر سیف القدس معرکے کے نتائج اور فلسطینی کاز اور اس کے مستقبل پر اس کے مثبت اثرات کے بارے میں بتایا۔وفد نے صدارت سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب حماس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت کے وفد نے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی سےملاقات میں انہیں فلسطین میں اسرائیل کی یہودی بستیوں کی تعمیر، ، فلسطینی عوام کو خاص طور پر مقبوضہ بیت المقدس اور شیخ جراح میں فلسطینیوں کو بے گھر کرنے کی کوششوں اور غزہ پر ناجائز محاصرے کے بارے میں بتایا۔اجلاس کے دوران حماس رہ نماؤں نے کہا کہ فلسطینی عوام قابض دشمن کے خلاف کے خلاف مسلح جدو جہد جاری رکھیں گے۔
اس موقعے پر ایرانی صدر نے فلسطینی قوم کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا ان کی حمایت فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے ہرسطح پر کوششیں جاری رکھے گی۔ابراہیم رئیسی نے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم اور مظالم کی شدی مذمت کی اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ قابض اسرائیلی ریاست کے جرائم کی روک تھام کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔