(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) القسام کے سینیر کمانڈر کی غزہ میں حرکت قلب بند ہونے سے وفات ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں صہیونی ریاستی دہشت گردی کے خلاف برسر پیکار اسلامی تحریک مزاحمت ’حماس‘ کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کے ایک سینیر کمانڈر 55 سالہ نافذ احمد الحلو حرکت قلب کے بند ہوجانےکے باعث انتقال کرگئے۔
حماس عسکری ونگ کی جانب سےاپنے بہادرسینیئر کمانڈر کی ناگہانی موت پر تعزیتی بیان میں کمانڈر الحلو کی فلسطینی تحریک مزاحمت میں خدمات اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے مرحوم کی درجات کی بلندی اور پسماندگان کے صبر کے لیے دعا کی ہےاورکہا کہ تحریک کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
القسام بریگیڈ نے کمانڈر الحلو کی وفات کے حوالے سے بتایا کہ وہ جبالیا کیمپ میں تعینات تھے جہاں انہیں دل میں تکلیف کے بعد اسپتال لے جایا گیا تاہم وہ جاں بر نہ ہوسکے اور اسپتال میں دم توڑ گئے۔