(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسماعیل ہنیہ نے ایرانی صدر کو مبارک باد دی اور کہا کہ ایران کے ساتھ مقبوضہ فلسطین اور حماس کے تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں۔
مقامی ذرائع سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز مقبوضہ فلسطینی اسلامی تحریک حما س کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نےٹیلی فونک رابطے کے ذریعے ابراہیم رئیسی کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔
گفتگو کے دوران اسماعیل ہنیہ نے تحریک حماس اور ایران کے مابین قریبی تعلقات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایران کے ساتھ مقبوضہ فلسطین اور حماس کے تعلقات مضبوط اور مستحکم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ غزہ میں ہونے والی جنگ کے دوران ایران کی فلسطین کے لئے حمایت کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ ایران کی بھر پور مدد قابل تعریف ہے ساتھ ہی ان کاکہنا تھاکہ فلسطینی مزاحمت اور عوام کی طرف سے حاصل کردہ فتح تمام امت مسلمہ کی فتح ہے۔