(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) تحریک حماس نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلم امہ کے غیرت مند حکمراں اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے سے متعلق ملائیشیا کی طرح ٹھوس اور جرات مندانہ موقف اپنا کر القدس سے اپنا مذہبی رشتہ نبھائیں۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں صہیونی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بر سر پیکار اسلامی تحریک مزاحمت حماس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ملائیشیا کے اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات استوار کرنے سے صاف انکارکے واضح اور جرات مندانہ مؤقف کا بھر پور خیر مقدم کیا اور کہا ہے کہ ملائیشیا نے ہمیشہ فلسطینی قوم کے دیرینہ مطالبات اور تحریک آزادی کی حمایت کی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ تحریک حماس سمیت پوری فلسطینی قوم ملائیشیا کے اس اقدام کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہےاور امید کرتی ہے کہ دنیا بھر میں مسلم امہ کے غیرت مند حکمراں اسرائیل کو تسلیم نہ کرنے سے متعلق ملائیشیا کی طرح ٹھوس اور جرات مندانہ موقف اپنا کر القدس سے اپنا مذہبی رشتہ نبھائیں گے۔
واضح رہے گذشتہ روز ملائیشیا کے وزیر خارجہ سیف الدین عبداللہ نے اسرائیلی میڈیا میں شائع ہونے والی ان خبروں کو من گھڑت اور جھوٹ قرار دیا تھا جن میں دعویٰ کیا تھا کہ ملائیشیا بھی اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پرلانے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہو رہا ہے۔