(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) مصر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ یہ ملاقات مصر کی مشرق وسطیٰ میں امن عمل کی بحالی اور غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق گذشتہ روز مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں غزہ پر صہیونی بم باری کے بعد جنگ بندی کی کوششوں کے حوالے سے ہونے والے مذاکرات میں قابض ریاست اسرائیل کے صہیونی وزیر خارجہ گابی اشکنازی نے اپنے مصری ہم منصب سامع شُکری سے ملاقات کی جس میں مشرق وسطیٰ میں امن عمل کی بحالی سے لے کر مقبوضہ فلسطین کے محصور علاقے غزہ میں 11 روزہ لڑائی کے بعد ہونے والی جنگ بندی کو بر قرار رکھنے جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی بات چیت ہوئی، کسی بھی اسرائیلی وزیر خارجہ کا تیرہ برسوں میں مصر کا یہ پہلا باقاعدہ دورہ ہے۔
مصر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ یہ ملاقات مصر کی مشرق وسطیٰ میں امن عمل کی بحالی اور غزہ میں جنگ بندی برقرار رکھنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا حصہ ہے۔
دوسری جانب گذشتہ روز ہی مصر ی صدرعبد الفتاح السیسی نے انٹیلی جنس سربراہ عباس کامل کی سر براہی میں ایک خصوصی وفد بیت المقدس روانہ کیا جہاں انہوں نےالگ الگ ملاقاتوں میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس سے غزہ کی صورت حال اور جنگ بندی معاہدے کے استحکام کے لیے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔
واجح رہے کہ حماس کے دعویٰ کے مطابق چار صہیونی فوجی حماس کی تحویل میں ہیں جس کے باعث مصر نے قیدیوں کے تبادلے پر بات چیت کے لیے اسرائیل، فلسطین اور حماس کو مذاکرات کی دعوت دی ہے۔