(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) انٹونی بلینکن نےکہا کہ اسرائیل اور فلسطینی عوام کی زندگیوں کی بقاء کے لیےدونوں جانب سے دو ریاستی حل کی ضرورت ناگزیر ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی جانب سے امریکی وزیر خارجہ اینٹونی بلینکن نے گذشتہ روز ایک بیان میں اسرائیل اور حماس کے مابین محاز آرائی اور جنگ بندی کے بعد فلسطینیوں کے درمیان سیاسی تصفیے پر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ جنگ بندی کے بعد اسرائیل اور فلسطین دونوں کو ایک حقیقی موقع میسر آیا ہے کہ وہ سیاسی تصفیے کے لیے کوشش کریں ورنہ اس کی قیمت بہت بھاری ہو گی۔
بیان میں امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں اور اسے واحد راستہ شمار کرتے ہیں جو اسرائیل اور فلسطینیوں کو امن تک پہنچا سکتا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نےغزہ میں تباہی کے بعد فلسطینیوں کو انسانی امداد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا ،سنگین انسانی صورت حال سے نمٹنے اور تعمیر نو کے سلسلے میں ایک بڑی کوشش کے آغاز کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر خارجہ کا یہ بیان اسرائیل اور حماس کےدرمیان جنگ بندی پر راضی ہونے کے کچھ دن بعد سامنے آیا ہے ،اس لڑائی میں گیارہ دن تک جاری رہنے والی اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے تھے اور 1500 سے زائد زخمی جبکہ متعددافراد گھروں سے محروم ہو گئے ہیں۔