(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے فلسطینی صحافی بشریٰ الطویل کو چھ ماہ قبل بغیر کسی جرم کے انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت گرفتارکیا تھا۔
مقبوضہ بیت المقدس میں حماس کے مقامی رہنما جمال الطویل نے اپنی حاحبزادی صحافی بشریٰ الطویل کی گذشتہ برس نومبر سے بغیر کسی جرم کے اسرائیلی زندانوں میں غیر قانونی قید کے خلاف بہ طور احتجاج بھوک ہڑتال شروع کی تھی جو آج 20ویں روزمیں داخل ہوگئی ہے۔
قابض صیہونی فوج کی جانب سے فلسطینی خاتون صحافی بشریٰ الطویل کو صیہونی مظالم کی کوریج کرنے کی پاداش میں انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت قید کیا تھا جس میں ہر ماہ توسیع کی جاتی رہی ہے۔
بشریٰ الطویل اس سے قبل بھی کئی ماہ بغیر کسی جرم کے صیہونی زندانوں میں گزار چکی ہیں جبکہ ان کے والد جمال الطویل بھی انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے تحت متعدد بار صیہونی زندانوں میں مجموعی طور پر 15 سال قید کاٹ چکے ہیں۔