(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) حازم قاسم نے کہا کہ جو کام گلبوع جیل کے چھے قیدیوں نے کیا وہ دلیری و بہادری ، عظیم جہاد اور ایک بڑی کامیابی تھی اور فلسطینی عوام کی جدوجہد کی تاریخ میں ایک کارنامے کے طور پر درج ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی جیل سے فرار کے بعد دوبارہ حراست میں لیے گئے 6 فلسطینیوں کی قید کے خلاف فلسطین کے جہادی گروہوں سمیت عوام کی جانب سے سخت رد عمل سامنے آیا ہے اور اسرائیلی جیلوں میں جاری صہیونیت کے خلاف ان فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بھوک ہڑتال کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس حوالے سے فلسطین میں صہیونی ریاستی دہشت گردی کے خلاف برسر پیکاراسلامی تحریک مزاحمت حماس کے ترجمان حاظم قاسم کے جاری کردہ بیان کے مطابق حماس نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی ہرممکن طریقے سے فرار ہونے والے چھے فلسطینی قیدیوں کو رہا کرا لیا جائے گا۔
تحریک حماس کے ترجمان حازم قاسم نے بھی اعلان کیا ہے کہ آزادی ٹنل کے جیالوں کی دوبارہ گرفتاری کے باوجود یہ کارروائی فلسطینی مجاہدین کے عزم و ارادے کے سامنے صیہونی حکومت کے سیکورٹی سسٹم کی کمزوری کی ناقابل انکار دلیل کے طور پر باقی رہے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو کام گلبوع جیل کے چھے قیدیوں نے کیا وہ دلیری و بہادری ، عظیم جہاد اور ایک بڑی کامیابی تھی اور فلسطینی عوام کی جدوجہد کی تاریخ میں ایک کارنامے کے طور پر درج ہوگی۔