مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے شعبہ اطلاعات کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک روز قبل حماس کی حمایت میں مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ پر’’ہیش ٹیگ AskHamas کے عنوان سے ایک ٹیگ بنایا گیا تھا جسے غیرمعمولی پذیرائی حاصل ہوئی ہے۔حماس کے ترجمان طاہر نونو نے بتایا کہ چند گھنٹوں کے اندر اندر حماس کی حمایت میں مائیکرو بلاگنگ کے ہیش ٹیگ نے عالمی ٹرینڈ میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ AskHamas# اس وقت پچاس ہزار فالورز کی نفسیاتی حد عبور کرنے کے بعد دنیا بھر میں پانچویں، برطانیہ میں چوتھے اور امریکا میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔
طاہر نونو کا کہنا تھا کہ مائکرو بلاگنگ ویب سائیٹ پر حماس کی حمایت میں بنائے گئے ہیش ٹیگ کا مقصد فلسطینی عوام کی مظلومیت کا اظہار کرتے ہوئے مظلوم قوم کی آواز کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرمعمولی مقبولیت حاصل کرنے والے ہیش ٹیگ کے بعد عالمی برادری کو فلسطینیوں کے حوالے سے اپنی آنکھیں کھول لینی چاہئیں اور فلسطینیوں کی آواز کو سننا چاہیے۔
حماس کی حمایت میں تیزی کے ساتھ مقبول ہونے والے ہیش ٹیگ کو فالو کرنے والے ہزاروں افراد نے سوالات کی بھی بھرمار کردی ہے۔ حماس کے رکن اسمبلی ھدیٰ نعیم آن لائن سوالوں کے جواب دینےمیں مصروف ہیں۔ بہت زیادہ سوالات فلسطینی خواتین کے حقوق کے بارے میں پوچھے جا رہے ہیں اور ساتھ ہی عالمی برادری کی جانب سے فلسطینیوں کے بنیادی حقوق کو نظر انداز کیے جانے کی شدید مذمت کی بھی جا رہی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین