(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ، القسام بریگیڈز نے غزہ کے مشرقی علاقے بیت حنون میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی افواج پر ایک مؤثر اسنائپر حملے کی ویڈیو جاری کی ہے۔ ہفتے کے روز نشر کی گئی اس فوٹیج میں العودہ اسٹریٹ پر تعینات صیہونی افسران اور فوجیوں کو غول رائفل سے نشانہ بناتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جس میں کم از کم چار صیہونی فوجی مارے گئے یا زخمی ہوئے۔
ویڈیو کا آغاز آپریشن "کسر السیف” (تلوار توڑنے کا آپریشن) سے متعلق پرانی جھلکیوں سے ہوتا ہے، جس کے بعد شہید سارجنٹ غالب النصرہ کی تصویر پیش کی گئی ہے، جو اسی نوعیت کے ایک سابقہ حملے میں شہید ہوئے تھے۔ تازہ کارروائی میں القسام مجاہدین نے صیہونی فوج کے نئی قائم کردہ مورچوں کو گھیرے میں لے کر سنائپر فائرنگ کی، جس میں ٹینک پر موجود دو فوجیوں کو بیک وقت گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔ ان میں ایک کی شناخت فرسٹ سارجنٹ عساف کافری کے طور پر ہوئی ہے۔
فوٹیج کے مطابق جب ایک تیسرے سپاہی نے اپنے زخمی ساتھی کو بچانے کی کوشش کی، تو اسے بھی گولی لگی اور وہ ٹینک کے اندر گر پڑا۔ کلپ میں تین مختلف نشانے باز کارروائیاں واضح طور پر دکھائی گئیں، جبکہ چوتھی کاروائی، جس میں بھی دشمن کو نقصان پہنچایا گیا، فلمبند نہ ہو سکی۔ قسام بریگیڈز کے مطابق یہ حملے مکمل گھات کے تحت ترتیب دیے گئے تھے۔
قبل ازیں اسی ہفتے قسام بریگیڈز نے بیت حنون میں ہونے والے ایک اور مزاحمتی حملے کی ویڈیو جاری کی تھی، جس میں ایک صیہونی فوجی جیپ کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے بعد جائے وقوعہ پر پہنچنے والی سپورٹ فورس پر ٹی وی-3 اینٹی پرسنل بم سے حملہ کیا گیا، پھر چار آر پی جی گولے اور مارٹر شیلز کے ذریعے قابض فوج کی نئی پوزیشن کو نشانہ بنایا گیا۔ یہ تمام کارروائیاں اس امر کا ثبوت ہیں کہ قسام بریگیڈز مسلسل مزاحمت میں مصروف ہے اور صیہونی جارحیت کا مؤثر جواب دے رہی ہے۔