(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج کے مظالم کے خلاف برسر پیکار فلسطینی مزاحتمی تنظیم حماس نے فلسطینی اتھارٹی پر دہرے رویئے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے فلسطینی عوام کے ساتھ منافقانہ پالیسی روا رکھی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حماس نے ایک جاری بیان میں فلسطینی صدر محمود عباس کے بیانات کو کھوکھلا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وادی الحمص میں فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کے بعد فلسطینی صدر کا ردعمل بہت معمولی ہے اور انہوں نے اسرائیلی ریاست کے ساتھ تعلقات اور معاہدے ختم کرنے کے جو بیانات جاری کیے تھے وہ محض اعلان ہی رہے اور ان پر عمل درآمد ابھی تک شروع نہیں ہو سکا۔
حماس ترجمان عبداللطیف القانوع کا کہنا تھا کہ ایک طرف اسرائیل کے ساتھ قطع تعلق کا اعلان اور دوسری طرف اسرائیل کے ساتھ فوجی تعاون فلسطینی اتھارٹی کے دہرے رویئے کو عیاں کرتا ہے۔ ۔ فلسطینی قوم کے مزاحمتی عزم کو مضبوط کرنے کے بجائے اسرائیلی غاصبوں کے خلاف مزاحمت سے روکنا اور مجرم صہیونی لیڈر شپ کے خلاف عالمی سطح پر قانونی کارروائی نہ کرنا بھی فلسطینی اتھارٹی کی دانستہ لاپرواہی اور اسرائیل کے ساتھ تعاون کے مترادف ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے اسرائیل کی جانب سے صور باھر میں فلسطینی گھروں کی مسماری کے بعد فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل کے ساتھ کیے گئے گزشتہ تمام معاہدے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا ،جس پر ابھی تک عمل درآمد شروع نہیں کیا جا سکا ہے۔