(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض اسرائیلی فوج کے مظالم کے خلاف برسر پیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم کے سیاسی شعبے کے سابق سربراہ خالد مشعل نے اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں زخمی ہو جانے والے فلسطینیوں کے ایک گروہ سے ترکی میں ملاقات کی۔
ترکی میں موجود ذرائع کے مطابق حماس کے سابق سربراہ نے ان لوگوں کو مشعل راہ قرار دیتے ہوئے تمام مسلم امہ کے لیے ایک مثال قرار دیا،اور کہا کہ پوری فلسطینی قیادت اور قوم آپ کے ہمراہ کھڑی ہے۔
خالد مشعل نے زخمیوں کو یقین دلایا کہ انکی جماعت کبھی بھی زخمیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی بلکہ نہ صرف انکے علاج میں انکی معاونت کرے گی ،صحت یاب ہونے کے بعد انکو انکے اہل خانہ تک پہنچانے میں بھی ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
ملاقات کے اختتام پر حماس کےسابق سربراہ نے ترکی کی حکومت کو اظہار تشکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ ترکی نے ان زخمیوں کی بھر پور معاونت کر کے فلسطینی عوام کے ساتھ بھائی چارے کا مکمل ثبوت دیا ہے۔
یاد رہے کہ فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی میں احتجاجی مظاہروں کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے فلسطینیوں کی بڑی تعداد علاج کے لیے ترکی لے جائی گئی تھی جہاں انہیں ہرممکن طبی سہولت فراہم کی گئی تھی۔