(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیرقانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے عبرانی ذرائع ابلاغ نے ایک اعلیٰ اسرائیلی اہلکار کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے پاس موجود معلومات کے مطابق غزہ میں حماس کے زیر حراست اب بھی 21 اسرائیلی قیدی زندہ ہیں، جب کہ تین دیگر افراد کے بارے میں شدید خدشات پائے جاتے ہیں جن کی زندگی سے متعلق کوئی تازہ معلومات دستیاب نہیں ہو سکی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زیر حراست اور لاپتہ افراد سے متعلق تمام تفصیلات اسرائیلی انٹیلی جنس اہلکاروں کے ذریعے متاثرہ خاندانوں تک پہنچائی جاتی ہیں۔ غیر ملکی شہریت رکھنے والے مغویوں کے اہل خانہ سے ان کے ملکوں کے سفارتی اداروں کے ذریعے مسلسل رابطے میں رہنے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب، غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل نے 7 اکتوبر 2023 سے جاری غزہ پر جارحیت کے دوران گرفتار کیے گئے 11 فلسطینی قیدیوں کو کئی ماہ کی قید، بدترین سلوک اور طبی غفلت کے بعد رہا کر دیا ہے۔
رہا کیے گئے فلسطینیوں کو وسطی غزہ میں دیر البلح کے مشرقی علاقے میں واقع کسوفیم ملٹری کراسنگ کے ذریعے غزہ منتقل کیا گیا، جہاں انہیں فوری طور پر الاقصیٰ شہداء اسپتال پہنچایا گیا تاکہ ان کا طبی معائنہ کیا جا سکے۔
یہ رہائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب غیر قانونی صیہونی ریاست کی جانب سے جاری محاصرے، بمباری اور انسانی حقوق کی پامالیوں نے غزہ کے شہریوں کی زندگیوں کو بدترین بحران میں دھکیل دیا ہے، اور قیدیوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کی متعدد رپورٹیں سامنے آ چکی ہیں۔