اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے پارلیمانی ’’تبدیلی و اصلاح‘‘ بلاک کا کہنا ہےکہ مغربی کنارے کی فلسطینی اتھارٹی مفاہمت کے بعد غزہ کے شہریوں نے بڑے پیمانے پرمغربی کنارے کے سفر کے لیے پاسپورٹ کے اجراء کے لیے رجوع کیا ہے۔
بیان کے مطابق غزہ کی پٹی میں پارلیمانی بلاک کے مختلف دفاتر میں صبح سے ظہر تک پاسپورٹ کے حصول کے لیے لوگوں کا تانتا بندھا رہا اور ان چند گھنٹوں کے دوران 1088 افراد کی درخواستیں موصول ہوئیں۔ ان سب اہالیان غزہ کو اس سے قبل مغربی کنارے کے لیے پاسپورٹ کے اجراء سے نامراد لوٹایا جا چکا تھا۔
پارلیمانی بلاک نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رفح کے دفتر میں 159، خان یونس میں 150، وسطی غزہ میں 175، غزہ میں 281 اور شمالی غزہ میں323 افراد نے پاسپورٹ کے اجراء کے لیے اپنی درخواستیں جمع کروا دی ہیں۔
امید کی جا رہی ہے کہ بنیادی آزادیوں کے تحفظ کی مصالحتی کمیٹی مصری خفیہ ایجنسی کے عہدیداروں سے اپنی ملاقات کے دوران حالیہ حقائق بھی مصری قیادت کے سامنے رکھے گی۔