مقامی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی بڑی تعداد نے منگل کو علی الصباح بیر الباشا کے مقام پر چھاپہ مارا اور گھروں کی تلاشی کا سلسلہ شروع کیا۔ تلاشی کی کارروائیوں کے دوران اسرائیلی فوجیوں نے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کے سرکردہ رہ نما قیس السعدی اور اس کےساتھ طاھر جرادات کو حراست میں لے لیا۔
فلسطینی کارکنوں کی گرفتاری کے وقت صہیونی فوجیوں نے ان کے گھروں پر اندھا دھند فائرنگ بھی کی۔ گھروں کی تلاشی کے دوران قیمتی سامان کی توڑپھوڑ کےساتھ نقدی اور زیوارت لوٹ لیے۔
خیال رہے کہ حماس کارکن قیس السعدی کو اسرائیلی فوج پچھلے کئی ماہ سے گرفتارکرنے کے لیے مسلسل چھاپے مار رہی تھی مگر وہ ہربار بچ نکلنے میں کامیاب ہو جاتے تھے۔ اس بار جنین پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج نے چھاپہ مارکر انہیں حراست میں لے لیا۔
ایک ماہ پیشتر بھی اسرائیلی فوج نے جنین میں ان کے گھر پرچھاپہ مار کرانہیں حراست میں لینے کی ناکام کوشش کی تھی۔ فلسطینیوں کی جوابی کارروائی اور مظاہرے کے بعد صہیونی فوج کو ناکام واپس لوٹنا پڑا تھا۔ اس سے قبل دو بار اسرائیلی فوج نے قیس کو پکڑنے اور انہیں قاتلانہ حملے میں شہید کرنے کی بھی ناکام کوشش کی تھی۔
السعدی القسام بریگیڈ کے شہید حمزہ ابو الھیجاء گروپ میں شامل رہے ہیں۔ اس گروپ کےسربراہ حمزہ ابو الھیجاء دو سال قبل اسرائیل فوج کے ساتھ لڑائی میں شہید ہوگئے تھے۔