اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کےلبنان میں موجود مندوب نے بتایا ہے کہ جماعت کے سیاسی شعبے کے نائب صدرڈاکٹرموسیٰ ابو مرزوق نے بیروت میں فتح کے مرکزی رہ نما ڈاکٹر عزام الاحمد سے ملاقات کی۔ دونوں رہ نمائوں کےدرمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اموربالخصوص قومی مفاہمت کا عمل آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق فتح کے رہ نما عزام احمد نے حماس کے مرکزی رہ نما ڈاکٹر مرزوق سے ان کی دل کی کامیاب سرجری پران کی عیادت کی جو حال ہی میں دل کے آپریشن کے بعد قطر سے بیروت پہنچے تھے۔ اگرچہ یہ ایک نجی نوعیت کی ملاقات کی تاہم اس میں قومی سیاست اور مفاہمت کے عمل میں حائل رکاوٹوں پربھی بات چیت کی گئی۔
قدس پریس سے بات کرتے ہوئے علی برکہ کا کہنا تھا کہ دونوں رہ نمائوں کے درمیان ملاقات پہلے سے شیڈول کا حصہ نہیں تھی۔
ڈاکٹرعزام احمد نے ڈاکٹر مرزوق کی خیریت دریافت کی جس کے بعد دونوں رہ نمائوں کے درمیان علاقائی صورت حال، مسئلہ فلسطین اور فلسطینیوں کے درمیان مفاہمت کے موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
