اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس نے مغربی کنارے میں اسرائیلی حکومت اور یہودی آباد کاروں کی جانب سے فلسطینی گھروں اور دیگر املاک پر حملوں میں تیزی کے بعد ایک بار پھر مکانات مسمار کرنے اور فلسطینیوں کو ہجرت پر مجبور کرنے کی اسرائیلی کارروائیوں کی شدید مذمت کی ہے۔
حماس کا کہنا ہے کہ فلسطینی اراضی، گھروں اور املاک پر قبضہ کرنے کے باوجود فلسطینیوں کے اپنے مسلمہ حقوق کی خاطر ہر کوشش کر گزرنے کے جذبے میں کوئی کمی نہیں آئی، قوم اپنی اراضی سے کسی صورت دستبردار نہیں ہو گی۔ حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بزدلانہ حملوں سے فلسطینیوں کے حملے پست ہونے کے بجائے مزید بلند ہو رہے ہیں۔
بدھ کے روز جاری اپنے بیان میں حماس نے اسرائیلی دہشتگردانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی اور حالیہ دنوں ہونے والے فلسطینی املاک پر حملوں کی ساری ذمہ داری اسرائیلی حکومت پر عائد کی۔ حماس نے پوری قوم سے صہیونی جارحیتوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی اپیل کی۔