(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست کے عربی نشریاتی ادارے ہیئة البث الإسرائيلية نے ان چھ قیدیوں کے نام ظاہر کر دیے جنہیں قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت ہفتے کے روز رہا کیا جائے گا۔ یہ اعلان اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے چھ قیدیوں اور چار لاشوں کو جمعرات کے روز حوالے کرنے کے فیصلے کے بعد سامنے آیا ہے۔
صیہونی نشریاتی ادارے کے مطابق، وہ چھ قیدی جنہیں حماس رہا کرے گی، درج ذیل ہیں:
"تسور ہداسا” کا رہائشی ہے 27 سالہ ایلیا کوہن، ہرتسلیا کا رہائشی 22 سالہ عومر شِم توف، غدیر کا رہائشی 23 سالہ عومر فِنکرت، یہ تینوں افراد 7 اکتوبر کو ریعیم فوجی اڈے میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران گرفتار کیے گئے تھے۔
چوتھا قیدی 40 سالہ تال شوہان ، جو "معالیہ تصفیا” میں رہتا ہے۔ اسے بیئری نامی غیر قانونی صیہونی بستی سے اس کی بیوی، دو بچوں اور دیگر رشتہ داروں سمیت پکڑا گیا تھا۔ اس کے خاندان کو قیدیوں کے تبادلے کے پہلے مرحلے میں رہا کیا جا چکا ہے۔
پانچواں اور چھٹا قیدی ہشام السید اور اویرا منگستو ہیں، جو دس سال سے زائد عرصے سے القسام بریگیڈز کی تحویل میں ہیں۔
مزید برآں، حماس جمعرات کے روز مزید چار صیہونی قیدیوں کی لاشیں حوالے کرے گی۔ اگلے ہفتے بھی چار مزید لاشوں کی حوالگی متوقع ہے۔
دوسری جانب، صیہونی اخبار اسرائیل ٹوڈے نے ایک ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ "قیدیوں کے تبادلے کے پہلے مرحلے میں توسیع کی کوششیں جاری ہیں تاکہ مزید صیہونی قیدیوں کو رہا کیا جا سکے۔”
ذرائع کے مطابق، صیہونی وزیر رون دیرمر دوسرے مرحلے کے مذاکرات کی قیادت کریں گے، جو وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کی نگرانی میں ہوں گے۔