(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر نے آج اتوار کی صبح اعلان کیا کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے فلسطینی قیدیوں کی ساتویں کھیپ کی رہائی کو معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے پہلے مرحلے کا حصہ تھی۔ دفتر کا کہنا تھا کہ یہ تاخیر "جب تک کہ آئندہ مغویوں کی رہائی کسی اشتعال انگیز تقریب کے بغیر یقینی نہ ہو جائے” برقرار رہے گی۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ "حماس بار بار معاہدے کی خلاف ورزی کر رہی ہے، جس میں اشتعال انگیز تقریبات اور مغویوں کو پروپیگنڈے کے لیے استعمال کرنا شامل ہے۔” نیتن یاہو نے ایک الگ بیان میں تصدیق کی کہ تاخیر اس وقت تک برقرار رہے گی جب تک کہ قابض ریاست کے زیر حراست افراد کی اگلی کھیپ کسی "اشتعال انگیز تقریب” کے بغیر حوالے نہ کر دی جائے۔
امریکی ویب سائٹ Axios نے ایک اعلیٰ اسرائیلی اہلکار کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ قیدیوں کی رہائی میں تاخیر کا فیصلہ نیتن یاہو کی جانب سے ہفتے کی شام دو سیکیورٹی اجلاسوں کے بعد کیا گیا۔ اہلکار کے مطابق، سیکیورٹی اداروں کے سربراہان نے قیدیوں کی رہائی میں تاخیر نہ کرنے کی سفارش کی تھی، اور نیتن یاہو اس رائے کی طرف مائل تھے، مگر انہوں نے اپنا موقف تبدیل کر لیا جب وہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے وزیر دفاع یسرائیل کاٹز، وزیر خارجہ جدعون ساعر، اور وزیر خزانہ بتسلئیل سموٹریچ سے ملے۔
گزشتہ چند گھنٹوں کے دوران، غیر قانونی صیہونی ریاست کے فوجی حکام نے ریڈ کراس کے عملے کو فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے قریب ہونے کی اطلاع دی تھی۔ فہرست میں 50 ایسے قیدی شامل تھے جنہیں عمر قید کی سزا دی گئی تھی، 60 قیدی جنہیں طویل سزائیں دی گئی تھیں، 41 وہ قیدی جو وفاء الأحرار معاہدے کے بعد دوبارہ گرفتار کیے گئے تھے، اور 445 قیدی وہ تھے جو 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ سے گرفتار کیے گئے تھے۔
ہفتے کے روز رہائی میں تاخیر کے بعد، حماس کے ترجمان عبد اللطیف قانوع نے کہا کہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے تحت ساتویں کھیپ کو مقررہ وقت پر رہا نہ کرنا "معاہدے کی سنگین خلاف ورزی” ہے۔ انہوں نے حماس کے جاری کردہ بیان میں کہا کہ "جس وقت حماس ثالثوں کی کوششوں کا مثبت جواب دے رہی تھی تاکہ تبادلے کے معاہدے کو کامیاب بنایا جا سکے، مجرم جنگی نیتن یاہو تاخیری حربے اختیار کر رہا ہے اور قیدیوں کی رہائی کو مؤخر کر رہا ہے۔” قانوع نے ثالثوں اور معاہدے کے ضامنوں سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل پر دباؤ ڈالیں تاکہ وہ غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کا احترام کرے اور اس پر کسی تاخیر کے بغیر عمل کرے۔
دوسری جانب، ان اسرائیلی مغویوں کے اہل خانہ، جو غزہ میں قید ہیں، نے غیر قانونی صیہونی ریاست کے وزیر اعظم پر فلسطینی قیدیوں کے ساتھ ان کے تبادلے میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگایا، تاکہ وہ اپنے حکومتی اتحادیوں کو خوش کر سکے۔ اہل خانہ نے ایک بیان میں کہا: "ہم دیکھ اور سن رہے ہیں کہ قیدیوں کے تبادلے کے دوسرے مرحلے میں رکاوٹ ڈالنے اور ان مغویوں کو پس پشت ڈالنے کی ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے جو ابھی تک قید میں ہیں۔” انہوں نے مزید کہا: "سب سے پہلے مغویوں کو واپس لایا جائے، اس کے بعد باقی معاملات پر غور کیا جائے۔”