مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق خالد مشعل نے معاذ الکساسبہ کے وحشیانہ قتل پر اردنی فرمانروا شاہ عبداللہ کے بھائی شہزادہ علی بن الحسین اور شہید پائلٹ کے والد سے ٹیلیفون پر الگ الگ بات چیت کی۔
ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے خالد مشعل نے داعشی جنگجووں کے ہاتھوں معاذ الکساسبہ کو زندہ جلائے جانے کے واقعے کو غیر انسانی اور نہایت سفاکانہ اقدام قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ حماس اور پوری فلسطینی قوم داعش کے اور ظلم کے خلاف سراپا احتجاج اور اردنی قوم کے ساتھ ہے۔
مقتول پائلٹ کے والد اور ان کے دیگر اہل خانہ سے بات کرتے ہوئے خالد مشعل نے کہا کہ معاذ کے وحشیانہ قتل پر جتنا دکھ اس کے اہل خانہ کو ہے اتنا ہی حماس اور پوری فلسطینی قوم بھی اس کا دکھ محسوس کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ داعش کے ہاتھوں یرغمال بنائے شہریوں کو اس بے رحمی کے ساتھ قتل کرنا کھلی دہشت گردی ہے۔ معاذ الکساسبہ کو زندہ جلا کر موت سے ہمکنار کرنا بزدلانہ حرکت اور قابل مذمت اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔
خیال رہے کہ داعشی دہشت گردوں نے چند ہفتے قبل اردنی پائلٹ معاذ الکساسبہ کو اس کا طیارہ حادثے میں تباہ ہونے کے بعد حراست میں لے لیا تھا۔ حال ہی میں اسے زندہ جلا کر قتل کردیا گیا جس پر پوری دنیا میں شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین