فلسطینی مجلس قانون ساز کے اسپیکر ڈاکٹر عزیز دویک کا کہنا ہے کہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور مغربی کنارے کی فلسطینی انتظامیہ کے صدر محمود عباس کے مابین ملاقات میں سیاسی گرفتاریوں کا معاملہ ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جانا چاہیے۔
فلسطینی اسپیکر پارلیمان نے زور دے کر کہا کہ مغربی کنارےمیں جاری سیاسی گرفتاریوں کا سلسلہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔
’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے ساتھ خصوصی بات چیت کرتے ہوئےمعروف فلسطینی رہنما کا کہنا تھا کہ مخالف سیاسی جماعت سے تعلق کی پاداش میں گرفتاریوں کا سلسلہ انتہائی نامعقول ہے۔ قوم کے افراد کو محض سیاسی اختلاف کی بنیاد پر گرفتار کر کے تشدد کا نشانہ بنانے کا کوئی عقلی یا قانونی جواز نہیں بنتا۔
ڈاکٹر دویک نے کہا کہ ہم دونوں رہنماؤں کو یاد دلاتے ہیں کہ آئندہ ہونے والی ملاقات میں سیاسی گرفتاریوں کے معاملے کو لازمی طور پر حل کر لیں تاکہ دیگر معاملات کی حل کی جانب بھی مثبت پیش رفت ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی اس ملاقات کے فلسطینی سیاسی حالات پر مثبت اثرات مرتب ہونگے۔