اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے شعبہ امور خارجہ کے سربراہ اسامہ حمدان کا کہنا ہے کہ مسئلہ فلسطین کو مستقبل میں درپیش بڑے چیلنجز میں اتحاد و اتفاق سب سے اہم ہے۔
انہوں نے فلسطینی قوم کے تمام مسائل سے باحسن نمٹنے کے لیےتمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے متفقہ موقف کو انتہائی ضروری قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں مستقبل میں فلسطینیوں کی جانب سے معاملات پر متحدہ موقف اپنانے کی ضرورت کا احساس ہے یہی وجہ ہے کہ ہم فلسطینی مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے بےتاب ہیں۔ اسامہ حمدان نے واضح کیا کہ اسرائیل القدس کو یہودی رنگ میں رنگتا جا رہا ہے اور شہر کے تمام اسلامی اور عرب علامات کو ختم کیا جا رہا ہے، اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات پر حملے جاری ہیں۔ صہیونی شہر میں مسلمانوں اور عربوں کے گھروں کو پندرہ فیصد تک لانے کے اپنے منصوبے پر تیزی سے عمل پیرا ہیں۔
اسامہ حمدان نے لبنانی پارلیمان میں ’’پارلیمانی مستقبل‘‘نامی بلاک سے تعلق رکھنے والے بھیہ الحریری کے ساتھ بیروت میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر حماس کے صیدا کے مقامی رہنما وسام الحسن بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دونوں رہنماؤں نے فلسطینی داخلی معاملات پر بات چیت کی،حمدان کا کہنا تھا کہ ہم نے الحریری کے ساتھ فلسطین کے داخلی اور خارجی تمام امور پر کھل کر بات کی ہے اس موقع پر الحریری نے فلسطینیوں کے موقف کی بھرپور تائید کی۔