فلسطین کی سب سے منظم مذہبی سیاسی جماعت اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے کہا ہے کہ وقت گذرنے، نئے معاہدے کرنے یا تایخ کو مسخ کرکے من گھڑت نتائج وضع کرنے سے صہیونی مجرم کے جنگی جرائم معاف نہیں کیے جاسکتے۔ اسرائیل کی فلسطینی تاریخ کو مسخ کرنے کی تمام سازشیں ناکامی سے دوچار ہوچکی ہیں
کیونکہ القدس اور الخلیل میں اسرائیل نے اپنے جنگی جرائم کی پردہ پوشی کی جتنی بھی کوششیں کی ہیں وہ فلسطینیوں کے آہنی عزم کے سامنے ہیچ ثابت ہوئی ہیں۔ فلسطینی عوام اسرائیل کی تمام تر رعونت اور دہشت گردی کے باوجود اپنے مسملہ حقوق اور جائز مطالبات پر قائم رہے ہیں اورآئندہ بھی رہیں گے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق شام کے دارالحکومت دمشق میں حماس کے دفتر سے الخلیل میں تاریخی اسلامی مسجد حرم ابراہیمی میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں فلسطینیوں کے قتل عام کی اٹھارہویں سالگرہ کے حوالے سے ایک بیان جاری کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے طاقت، دھونس اور لالچ کے مکرہ ہتھکنڈے استعمال کرتے ہوئے نہ صرف فلسطینیوں کے خلاف مظالم جاری رکھے بلکہ فلسطینی تاریخ کے اہم مقدس مقامات کی تاریخی حیثیت کو مسخ کرنے میں بھی کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا، لیکن آفرین ہے فلسطینی عوام کے لیے جس نے صہیونی دشمن کی تمام تر سازشیں خاک میں ملا دی ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ اٹھارہ سال قبل مسجد ابراہیمی میں یہودی گماشتوں کے ہاتھوں نہتے فلسطینیوں کے قتل عام کو کبھی معاف نہیں کیا جائے گا۔ فلسطینی اپنے مقدس مقامات کی توہین اور بے گناہ عزیزوں اور ہم وطنوں کے قتل میں ملوث یہودی دشمنوں کو معاف نہیں کریں گے۔ فلسطینیوں کی بندوقیں اس وقت تک صہیونی دشمنوں کے سینوں پر تان کر رکھی جائیں گی جب تک قابض دشمن سے اپنے سابقہ تمام حساب چکا نہیں لیے جاتے۔
بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی قوم کے پاس اپنے سلب شدہ حقوق کی بازیابی کے لیے بندوق اور توپ و تفنگ کے سوا اور کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔
فلسطینیوں کے درمیان مفاہمت اور مصالحت کی کوششوں کا مقصد بھی یہ ہے کہ صہیونی دشمن کے خلاف فلسطینیوں کی صف بندی کی جائے۔
خیال رہے کہ اٹھارہ سال قبل صہیونی فوج مغربی کنارے کے تاریخی شہرالخلیل کے مقدس مقام حرم ابراہیمی میں داخل ہوگئے تھے اور نہتے نمازیوں پراندھا دھند گولیاں چلا کر 29 فلسطینیوں کو شہید اور درجنوں کو زخمی کردیا تھا۔
حماس کا کہنا ہے کہ حرم ابراہیمی میں اسرائیلی فوج کی جارحیت سمیت اب تک فلسطین میں قابض دشمن کے جنگی جرائم کا ایک ایک واقعہ فلسطینی عوام کے لوح دماغ پر نقش ہے اور وہ کبھی اس طرح کے واقعات کو نہیں بھلائیں گے حتی کہ دشمن کو اس کے مظالم کا سبق نہ سکھا دیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین