(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) حماس کے رہنما کا کہنا ہے کہ مراکش نے اسرائیل کو تسلیم کر کے مراکشی شہدا کے ساتھ غداری کی ہے جو اپنا پاک خون فلسطین کی نذر کر چکے ہیں۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی ریاست کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن اور پارلیمانی بلاک اصلاح وتبدیلی کے صدر ڈاکٹر محمود الزھار نے گزشتہ 14 سالوں سے صیہونی غیر قانونی ناکہ بندی کا شکار محصور شہر غزہ میں مراکش کے قابض صیہونی ریاست اسرائیل کو تسلیم کرنے کے اعلان کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں کہا کہ مراکش نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات بحال کرنے کا اعلان کر کے زہر میں بجھا خنجر فلسطینی قوم اور پوری مسلم امہ کی پیٹھ میں گھونپا ہے، مراکشی رجیم کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات استوار کرنے کا اعلان قضیہ فلسطین سے سنگین غداری ہے ۔
انہوں نے مراکشی قوم کے دینی، علمی، سماجی، سماجی اور ثقافتی حلقوں کی طرف سے حکومت کے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے اعلان کو مسترد کرنے اور فلسطینی قوم کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ مراکش نے اسرائیل کو تسلیم کر کے ان مراکشی شہدا کے ساتھ غداری کی ہے جو لڑتے ہوئے اپنا پاک خون فلسطینی قوم کے لیے دیتے ہوئے اپنی جانوںکے نذرانے پیش کر چکے ہیں۔