افریقا کے عرب ملک مراکش میں گذشتہ روز ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں اسلام پسند جماعتوں کو بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ دوسری جانب اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے رہ نما اسماعیل ھنیہ نے مراکشی وزیراعظم بن کیران کو مبارک باد پیش کی ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق اسماعیل ھنیہ کے دفترسے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ھنیہ نے مراکش میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں شفاف طریقے سے منعقد ہونےوالے انتخابات، جمہوریت کی بالا دستی اور اسلام پسندوں کی کامیابی پر مراکشی قوم، سیاسی جماعتوں اور حکومت مو مبارک باد پیش کی ہے۔
اسماعیل ھنیہ نے ٹیلیفون پر مراکشی وزیراعظم عبدالالہ بن کیران سے بات چیت کی اور ملک میں شفاف اورغیر جانب دار انتخابات میں اسلام پسند قوتوں کی کامیابی پرمبارک باد پیش کی۔ اس موقع پر مراکشی وزیراعظم نے اسماعیل ھنیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کا ملک فلسطینیوں تحریک آزادی سمیت تمام بنیادی حقوق کی حمایت جاری رکھے گا۔