فلسطینی شہرغزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کی حکومت کے وزیراعظم اسماعلی ھنیہ نے لبنان کے اپنے نو منتخب ہم منصب تمام سلام کو عہدہ سنھبالنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق وزیراعظم ھنیہ کے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسماعیل ھنیہ نے جمعہ کے روز اپنے نئے لبنانی ہم منصب تمام سلام کو ٹیلیفون کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام بالخصوص غزہ حکومت کو لبنان میں پرامن انتقال اقتدار پر خوشی ہے۔ فلسطینی حکومت یہ امید کرتی ہے کہ نو منتخب وزیراعظم تمام سلام کی قیادت میں بننے والی نئی حکومت فلسطینی پناہ گزینوں کی بہبود اور مسئلہ فلسطین کی حمایت جاری رکھے گی۔وزیراعظم ھنیہ نے اپنی جانب سے لبنان کی نئی حکومت کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا اور لبنان کی سلامتی اور خود مختاری کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری جانب لبنانی وزیراعظم تمام سلام نے اسماعیل ھنیہ کی جانب سے نیک تمناؤں کے اظہار پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کے دیرینہ حقوق اور مطالبات ہمیشہ لبنان کی اولین ترجیحات میں شامل رہے ہیں۔ وہ فلسطینیوں کی حقوق کی غیرمشروط حمایت جاری رکھیں گے۔
لبنانی وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کو محصورین غزہ کی مشکلات کا احساس ہے۔ مشکل حالات میں لبنانی حکومت حماس کو عوام کی خدمت جاری رکھنے پر مبارک باد پیش کرتی ہے اور اپنی حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون جاری رکھنے کا یقین دلایا۔