بیروت (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) لبنان میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے مندوب احمد عبد الھادی نے کہا ہے کہ حماس کے لبنانی ریاست اور اس کے تمام اداروں کے ساتھ خوش گوار تعلقات قائم ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حماس لبنان کی سلامتی اور خود مختاری کی حامی اور بیروت کے اندرونی امور میں مداخلت سے گریز کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق القدس ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں عبدالھادی کا کہنا تھا کہ لبنان میں انٹیلی جنس اداروں نے اسرائیل کے ایک ایجنٹ کو گرفتار کرکے غیرمعمولی کامیابی حاصل کی ہے۔ اسرائیلی دشمن کے جاسوس کی گرفتاری سے لبنان میں موساد کے لیے کام کرنے والے دوسرے جاسوسوں اور ایجنٹوں کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حماس اور حزب اللہ کے درمیان تعلقات شام کی صورت حال کی وجہ سے تعلقات متاثر ہوئے تھے مگر ہم ایک بار پھر ماضی کی طرف پلٹ رہے ہیں اور دونوں جماعتوں کے درمیان تعلقات میں بہ تدریج بہتری آ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حماس اور حزب اللہ کا دشمن صرف اسرائیل ہے۔