بیروت (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے لبنان میں مندوب احمد عبدالھادی نے کل منگل کو لبنان کے مفتی اعظم الشیخ عبداللطیف دریان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے وفد نے احمد عبدالھادی کی قیادت میں لبنانی مفتی اعظم سے ملاقات کی وفد میں لبنان میں حماس کے سیاسی شعبے کے رکن جھاد طہ اور ایمن شناعہ موجود تھے جب کہ ملاقات کے موقع پر لبنانی اسلامی تعلقات عامہ کے عہدیدار علی الیوسف بھی موجود تھے۔
اس موقع پر حماس کی قیادت نے لبنانی مُفتی اعظم کو فلسطین کی تازہ ترین صورت حال کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں فلسطینی عوام نے حق واپسی کے لیے عظیم الشان تحریک شروع کر رکھی ہے یہ تحریک حق واپسی کے حصول اور غزہ کی ناکہ بندی کے خاتمے تک جاری رہے گی۔
احمد عبدالھادی کا کہنا تھا کہ قضیہ اسیران حماس کی ترجیحات میں شامل ہے۔ فلسطینی اسیران کی طرف سے اسرائیلی ریاست کے مظالم کے خلاف پرعزم جدو جہد اور مظالم پر استقامت باعث تحسین ہے۔
عبدالھادی نے القدس کے شہریوں کی جانب سے مسجد اقصیٰ کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط بنانے کی کوششوں کو بھی سراہا اور کہا کہ القدس کے عوام قبلہ اوّل کے خلاف اسرائیلی جرائم کے مقابلے کے لیے ہر اوّل دستے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
اس موقع پر مفتی اعظم لبنان نے کہا کہ لبنانی حکومت اور قوم فلسطینیوں کے حقوق اور حصول آزادی کی جدو جہد کی حمایت جاری رکھے گی ۔