رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان حسام بدران کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اتوار کے روز فلسطینی مزاحمت کاروں نے بہادری اور جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ صہیونیوں کو زخمی کیا ہے جن میں سے تین زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی جانب سے یہودی آباد کاروں پر حملے شہداء کے خون کا بدلہ اور مقدسات کی بے حرمتی کے صہیونی مکروہ عمل کا رد عمل ہے۔
حسام بدران کا کہنا تھا کہ گذشتہ روز صہیونی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے سلیم عادل محمد شاہین، شہیدہ حلوہ سلیم محمد علیان اور قلقیلیہ کی لبوا ندا نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے یہ ثابت کیا ہے کہ فلسطینی قوم اپنے پاک وطن کی مٹی کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اس کا دفاع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی قوم نے یہ ثابت کیا ہے کہ ہم دشمن کے خلاف ہرمحاذ پر جدو جہد کریں گے۔ فتح و نصرت اب فلسطینی قوم کے ہاتھ میں ہے۔ دنیا کی کوئی طاقت فلسطینیوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھ سکتی ہے۔