(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) قابض ریاست کی جانب سے مزاحمتی تنظیم حماس کے دو سینئر عسکری کمانڈروں کی شہادت کی دھمکی پرحماس کا کہنا ہے کہ قاتلانہ حملے کی دھمکی صہیونی ریاست کی کم زوری اور ناکامی کا واضح ثبوت ہے۔
اسرائیلی ریاست نے اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے غزہ کی پٹی کے صدر یحییٰ السنوار اور جماعت کے سینیر عسکری کمانڈر مروان عیسیٰ کو قاتلانہ حملے میں شہید کرنے کی بزدلانہ دھمکی آمیز بیان کے جواب میں حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ کی طرف سے کہا گیا ہے کہ صہیونی دشمن کی طرف سے من گھڑت دعووں کی بنیاد پر جماعت کے دو سینیر رہ نماؤں کے قتل کی دھمکی سے القسام بریگیڈ اور حماس کی قیادت مرعوب نہیں ہوگی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یحییٰ السنوار اور مروان عیسیٰ پر قاتلانہ حملے کی دھمکی صہیونی ریاست کی کم زوری اور نا کامی کا واضح ثبوت ہے ، فلسطینی قیادت شہادت کے راستے پر چل رہی ہےاور دشمن کی طرف سے فلسطینی قیادت کو نشانہ بنانے کی بات کرنا بچگانہ سوچ کا مظہر ہے، حماس کی قیادت بچے نہیں کہ اسرائیلی دھمکیوں سے ڈر جائیں گے۔
واضح رہے کہ عبرانی اور عرب ذرائع ابلاغ نے بتایا ہے کہ مصر کے ایک وفد نے حال ہی میں غزہ کی پٹی کا دورہ کیا، اس دورے کے موقع پر اسرائیل نے حماس رہ نمائوں یحییٰ السنوار اور مروان عیسیٰ کو قاتلانہ حملوں میں شہید کرنے کا کا منصوبہ بنایا تھا مگر مصری وفد کی وجہ سے یہ کارروائی نہ ہوسکی۔