غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس ‘‘ نے جماعت کے 31 ویں یوم تاسیس کے موقع پر قوم کے نام جاری پیغام میں کہا ہے کہ جماعت فلسطین کی مکمل آزادی اور صیہونی ریاست کے زوال تک مسلح جد جہد جاری رکھے گی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کی جانب سے جماعت کے یوم تاسیس کی مناسبت سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جماعت فلسطین کے ایک ایک انچ کی دشمن کے قبضے سے آزادی، بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنانے، فلسطینی پناہ گزینوں کی ان کے گھروں کو واپسی کی جدو جہد جاری رکھے گی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ آزادی فلسطینی ریاست، فلسطینی اداروں کی تاسیس، بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنانے، پناہ گزینوں کی واپسی جماعت کے اولین ایجنڈے میں شامل ہے۔ حماس فلسطینی قوم میں پائی جانے والی بے اتفاقی کے خاتمے اور قومی شراکت کے قیام کے لیے ہر ممکن کوششیں جاری رکھے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حماس قوم کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے دیگر تمام فلسطینی قوتوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی۔ حماس کا کہنا ہے کہصیہونی دشمن کے خلاف مزاحمت فلسطینی فلسطینی قوم کا دیرینہ حق اور عالمی قوانین کی رو سے فلسطینیوں کا حق ہے۔ حماس اس حق کے استعمال کے لیے جدو جہد جاری رکھنے کی مجاز ہے۔