(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی ریاست کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک "حماس” کے سیاسی شعبے کے سابق سربراہ خالد مشعل نے کہا ہے کہ قابض صیہونی ریاست کے خلاف مزاحمت قوم کا فیصلہ ہے۔ فلسطینی مزاحمتی قوتیں صہیونی زندانوں میں قید تمام فلسطینیوں کو آزاد کرائیں گے۔
قطری دارالحکومت "دوحا” میں منعقدہ ایک تعزیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے سابق سربراہ "خالد مشعل” نے اسرائیلی جیل میں صیہونی حکام کی غفلت کے باعث شہید ہونے والے بسام السائح کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کہاکہ السائح فلسطینی قوم کا ہیرو ہے اللہ ہمارے شہید بسام سایح پر رحم کرےاس کے دراجات کو بلند کرے ،بسام السائح ایک عظیم انسان تھا جس نے کلمہ حق ادا کرتے ہوئے دشمن کی جیل میں قید کی حالت میں جام شہادت نوش کیا۔
خالد مشعل نے بسام السائح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ السائح نے دشمن کی قید میں رہنے کے ساتھ ساتھ میدان جنگ اور مزاحمت کے محاذ پر بھی جرات اور بہادری کے بے مثال نمونے قائم کیے۔مشعل نے وضاحت کی کہ اسیرشہید نے صہیونی جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے جہاد اور ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ میدان جہاز اور مزاحمت کے میدان میں بھی بہادری کے کارنامے انجام دیئے۔انہوں نے کہا کہ بسام السائح شہید فلسطینی قوم کے نوجوانوں کے لیے عملی نمونہ تھے۔خیال رہے کہ شہید بسام الساح دو روز قبل اسرائیلی جیل میں صہیونی جیلروں کی مجرمانہ غفلت کے نتیجے میں دم توڑ گئے۔ وہ کئی سال تک اسرائیلی زندانوں میں قید رہے اور کینسر اور امراض قلب سمیت کئی سنگین اور جان لیوا امراض کا شکار تھے۔