رپورٹ کے مطابق حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن عزت الرشق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حماس نے فرانس میں ہونے والے حملوں کو دہشت گردی قرا دے کر اس کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی جہاں اور جس شکل میں بھی قابل مذمت ہے۔ فرانس میں بے گناہ لوگوں پر بموں سے حملے کرنا اور خود کش کارروائیاں کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔ حماس ان واقعات کی شدید مذمت کرتی ہے۔
حماس کا کہنا تھا کہ بے قصور لوگوں کو ہرساں کرنا، ان کا قتل کرنا اور بم دھماکوں کے ذریعے انہیں مارنا تمام آسمانی مذاہب کی تعلیمات کے خلاف ہے۔ پیرس میں جو کچھ ہوا وہ قابل مذمت ہے۔ فرانس میں دہشت گردی کی کارروائی اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری دہشت گردی میں یکسانیت ہے۔ فلسطینی قوم روزانہ دہشت گردی کا سامنا کررہی ہے۔ صہیونی فوجی منظم ریاستی دہشت گردی کامظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینیوں کو شہید اور زخمی کرنے کے ساتھ ساتھ اسپتالوں سے بھی انہیں اغواء کرکے انسانیت سوز مظالم کا نشانہ بناتے ہیں۔
عزت الرشق کا کہنا تھا کہ پیرس میں ہونے والے حملوں میں جاں بحق افراد کے لواحقین ہمدردی اوریکجہتی کے مستحق ہیں۔ حماس اور فلسطینی قوم مشکل کی اس گھڑی میں دہشت گردانہ حملوں میں مرنے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہے۔
خیال رہے کہ جمعہ کے روز فرانس کے دارالحکومت پیرس میں دہشت گردی کے واقعات میں کم سے کم 142 افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئےتھے۔