فلسطین میں اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” صدر محمود عباس کی جماعت "الفتح” اور دیگر سیاسی جماعتوں پر مشتمل انتخابی کمیٹی نے غزہ کی پٹی میں ووٹوں کی دوبارہ رجسٹریشن کے عمل پراتفاق کیا ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق انتخابی کمیٹی کا اہم اجلاس منگل کے روز غزہ کی پٹی میں ہوا، جس میں حماس، فتح، اسلامی جہاد اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر فلسطین میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات سےقبل ووٹوں کی دوبارہ رجسٹریشن کے عمل کو شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس کے بعد کمیٹی کے اراکین قاہرہ روانہ ہو گئے جو آج وہاں پر حماس اور فتح کی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطح مذاکرات میں ووٹوں کی رجسٹریشن کے مختلف مراحل پر بات کریں گے۔ مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق انتخابی کمیٹی کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ اراکین نے غزہ کی پٹی میں ابتدائی طور پر تمام ووٹوں کی از سرنو رجسٹریشن شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے، اس سلسلے میں کمیٹی نے حتمی منظوری کے لیے قاہرہ میں حماس اور فتح کی قیادت سے بات چیت کرنی ہے، جس کے لیے وہ غزہ کی پٹی کے بعد قاہرہ روانہ ہوگئے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی میں ووٹوں کی رجسٹریشن کی ذمہ داری فلسطینی وزیر تعلیم کے ذمہ ہوگی تاہم اس کی نگرانی وزیراعظم اسماعیل ھنیہ خود بھی کریں گے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں میڈیا میں آنے والی ان اطلاعات کی سختی سے تردید کی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کے اراکین رجسٹریشن کے معاملے پر اختلافات ہیں یہی وجہ ہے کہ کمیٹی کے اراکین حتمی منظوری اور مزید تجاویز پرغور کرے لیے غزہ سے قاہرہ روانہ ہو رہے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین