(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کے مشرق وسطیٰ پروگرام صدی کی ڈیل کے اعلان کے بعد فلسطین اتھارٹی کا اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی اور انٹیلی جنس شعبے میں تعاون کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ہے۔
غزہ میں حماس کے زیرانتظام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدی کی ڈیل کے خلاف نکالے گئےایک جلوس سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے رہنما ماھر صبرہ نے ایک بارپھر حماس کے موقف کی تائید کرتے ہوئے فلسطینی اتھارٹی پر ایک بار پھر اسرائیل کے ساتھ جاری اس کے سیکیورٹی تعاون کےخاتمے پر زور دیا ہے۔
انھوں نے فلسطینی اتھارٹی سے کہا ہے کہ وہ غرب اردن میں عوام اور مزاحمتی قوتوں کو قابض دشمن کے خلاف لڑنے کی آزادی فراہم کرے تاکہ فلسطینی نصرت القدس اور الاقصیٰ کی جنگ لڑ سکیں، اسرائیل کے ساتھ جاری سیکیورٹی تعاون فلسطینی قوم کے خلاف جرم کے مترادف ہے، اب وقت آگیا ہے کہ فلسطینی قوم اور مزاحمتی قوتوں کے پائوں میں ڈالی گئی زنجیریں کھول دی جائیں تاکہ وہ دفاع القدس، الاقصیٰ اور فلسطین کی آزادی کی جنگ لڑ سکیں۔