غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت( حماس) کے سیاسی شعبے کے رہنما اور رکن پارلیمنٹ فتحی القرعاوی نے کہا ہے کہ فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیل کے دائیں بازو اور بائیں بازو کے سیاست دان یکساں ہیں۔ فلسطینی قوم کے خلاف دشمنی میں تمام صیہونی ایک ہی صفحے پر ہیں اور ان میں کوئی فرق نہیں ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق غرب اردن کےشہر طولکرم میں میڈیا سےبات کرتے ہوئے القرعاوی نے کہاکہ فلسطینی قوم کی مشکلات اس وقت سےجاری ہیں جب سے فلسطین میں اسرائیلی ریاست قائم ہوئی ہے۔ قیام اسرائیل کے بعد اب تک انتہا پسند اور بائیں بازو کے اسرائیلی حکمران رہے مگرفلسطینیوں پر مظالم ڈھانے اور مظلوم فلسطینی قوم کے حقوق دبانے میں دائیں اور بائیں بازو کےلوگ ایک ہی جیسےہیں۔
خیال رہے کہ منگل کو اسرائیل میں ہونےوالے پارلیمانی انتخابات میں اسرائیل کی شدت پسند مذہبی جماعتوں کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
حماس کےرکن پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں امن کی علم دار سیاسی جماعتوں کےدور میں فلسطین میں صیہونی آباد کاری میں دوگنا اضافہ ہوا۔
ایک سوال کےجواب میں القرعاوی کا کہنا تھا کہ اسرائیلی کنیسٹ کےانتخابات میں اگر کوئی نقصان میں رہا تو وہ فلسطینی اتھارٹی ہے جس نے اسرائیلی ریاست کے بائیں بازو کے گروپوں سے کامیابی کی امیدیں لگا رکھی تھیں۔