فلسطین کی مذہبی اور عسکری تنظیم اسلامی تحریک مزاحمت "حماس ” نے فلسطینی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کی قائم کردہ غیرقانونی چوکیاں عبور کرتے ہوئے عریاں تلاشی دینے کی سخت مزاحمت کریں۔
حماس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے میں فوجی چوکیاں قائم ہی اس لیے کی ہیں تاکہ وہ فلسطینیوں کو رسوا کر سکیں۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں ایک روز قبل فلسطینیوں کی عریاں تفتیش عالمی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ اسرائیلی فوجی بے گناہ اور نہتے فلسطینیوں کے ساتھ نہایت شرمناک سلوک کر رہے ہیں جس کی دنیا کے کسی قانون اور آئین میں اجازت نہیں ہے۔
مغربی کنارے کے شہر حوارہ میں پیش آنے والا واقعہ صہیونیوں کے ماتھے پر بدنما داغ ہے اور اس واقعے نےیہودیوں کی اصلیت کھول کر سامنے رکھ دی ہے۔
بیان میں فلسطینیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ صہیونی فوجی چوکیوں سے گذرتے ہوئے یہودی فوجیوں کےخلاف پوری مزاحمت کریں اورعریاں تلاشی دینے یا تفتیش سے انکار کر دیں۔
خیال رہے کہ بدھ کے روز یہودی فوجیوں نے نابلس شہرمیں قائم کردہ ایک نئی چوکی حوارہ سے فلسطینیوں کو گذرتے ہوئے انہیں کپڑے اتار کر تلاشی دینے پر مجبورکیا۔ کئی عمررسیدہ فلسطینیوں کی بھی نہایت شرمناک طریقے سے تلاشی کی گئی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔