رپورٹ کے مطابق حماس کے مرکزی رہنما علی برکہ نے ترکی کے دارالحکومت استنبول میں عالمی اسلامی تحریکوں کی ایک کانفرنس سے خطاب میں امریکی وزیرخارجہ جان کیری کے دورہ اسرائیل اور فلسطین کو ہدف تنقید بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جان کیری امریکا اور بان کی مون کے مندوب کے طورپر فلسطینی تحریک انتفاضہ کچلنے کے لیے فلسطین اور اسرائیل کے دورے کرتے ہیں۔ فلسطینیوں کا خیرخواہ نہ تو امریکا ہے اور نہ ہی اقوام متحدہ مظلوم فلسطینیوں کی حمایت کر رہا ہے۔ یہ سب مل کر اسرائیلی مفادات کے لیے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے استنبول میں جمع ہونے والی عالم اسلام اور اسلامی تحریکوں کی قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ملکوں میں مسئلہ فلسطین بالخصوص مسجد اقصیٰ کی تقسیم کی صہیونی سازشوں کو بے نقاب کریں اور فلسطینیوں کی سیاسی مادی، ابلاغی اور مالی مدد کو یقینی بنائیں۔
حماس رہنما نے 90 ملکوں سے آئے مندوبین اور اسلامی تحریکوں کے قائدین کو فلسطین کی موجودہ صورت حال کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی۔ استنبول میں منعقدہ بین الاقوامی کانفرنس کے تمام شرکاء نے فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت اور اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔